نئی دہلی،2مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مسعود اظہر کوعالمی دہشت گردقراردیئے جانے کو دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کی فیصلہ کن جنگ کا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی نے اسے ملک کا فخر بتایا۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے اسے ملک کے لئے فخر اور فتح کا لمحہ بتایا۔اس موقع پر جیٹلی نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا رد عمل پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اسے بھی سیاسی مسئلہ کی طور پر دیکھ رہا ہے۔جیش محمد سرغنہ کو عالمی دہشت گرد قرار دئے جانے پر کانگریس نے پلوامہ حملے کا ذکر اس میں نہیں کرنے کو لے کر سوال اٹھائے تھے،اس پر وزیرخزانہ نے کہاکہ اپوزیشن کے کچھ دوستوں کو لگتا ہے کہ اگر اس جیت میں شامل ہو گئے تو شاید اس کی سیاسی قیمت انہیں دینی ہوگی،یہی وجہ ہے کہ سرجیکل اسٹرائک کے بارے میں کہتے ہیں کہ خفیہ سرجیکل اسٹرئک ہم نے بھی کی،جب بالاکوٹ میں ہم کامیاب ہوتے ہیں تو شک کرنے لگتے ہیں۔ مسعود اظہر پر لگی پابندی کو ملک کے لئے فخر قرار دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے اپوزیشن سے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ جس کوشش میں یہ ملک لگا تھا 10 سال سے اس میں کل ہم کامیاب ہوئے تو کہتے ہیں یہ تو چھوٹی سی ہے اس میں بڑی ڈیل کیا ہے؟ پرانی روایت ہے کہ خارجہ پالیسی اور سیکورٹی پالیسی کے تناظر میں ہم متحد ہیں، لیکن اس روایت کو ہم توڑیں یہ گزشتہ چند دنوں کا چلن ہے،ملک کو جو اس کا اعزاز حاصل ہوا ہے اس میں کم از کم اس ملک کا اپوزیشن بھی مثبت کردار نبھائے۔ مسعود کو عالمی دہشت گرد قرار دئے جانے کا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے یہ بہت بڑا موقع ہو گیا،ہر ہندوستانی کے لئے یہ فخر کا موقع ہوناچاہیے،پورے ملک میں حکومت کی اور معزز وزیر اعظم کی بہت بڑی تعریف ہے،جب ملک جیتا تو ہر ہندستانی جیتا۔